ممبئی(گلف آن لائن)بالی ووڈ کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ جس وقت بطور جونیئر آرٹسٹ کام کرتا تھا اس وقت ایک میک اپ مین نے مجھ سمیت تمام جونیئر آرٹسٹ کے چہرے پر ٹیلکم پاڈر لگا کر کہا کہ میک اپ ہوگیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز الدین صدیقی ان دنوں اپنی آنے والی فلم ٹِکو ویڈز شیرو کی تشہیر میں مصروف ہیں، گزشتہ دنوں وہ ساتھی اداکارہ اوونیت کور اور فلم پروڈیوسر کنگنا رناوت کے ہمراہ فلم کے ٹریلر لانچ میں دکھائی دیئے۔
ٹریلر لانچ کی تقریب میں انہوں نے میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ابھی جب میں میک اپ کروا رہا تھا تو مجھے وہ وقت یاد آگیا جب میں جونیئر آرٹسٹ ہوا کرتا تھا۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ایک میک اپ مین نے مجھ سمیت دیگر تمام جونیئر آرٹسٹوں کو ایک قطار میں کھڑا کرکے سب کے چہرے پر ٹیلکم پاڈر لگا دیا اور کہا کہ میک اپ ہوگیا ہے۔خیال رہے کہ ان کی آنے والی فلم ٹِکو ویڈز شیرو میں نواز الدین شیرو کا کردار نبھا رہے ہیں، جو کہ ایک جونیئر آرٹسٹ ہے۔نواز الدین نے کہا کہ یہ کردار میرے دل کے قریب ہے کیونکہ میں خود ایک وقت میں جونیئر آرٹسٹ ہوا کرتا تھا جس کے بڑے بڑے خواب تھے۔ان کی یہ فلم 23جون کو آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم ایمزون پرائم پر ریلیز ہوگی۔