لاہور ( گلف آن لائن) نامور اداکارہ مدیحہ شاہ نے کہا ہے کہ مسکراہٹ ایک ایسا عمل ہے جس سے معاشرے میں مثبت تبدیلیاں رونما ہو سکتی ہیں اور دوسرے انسان کا دل بھی جیتا جا سکتا ہے ۔انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ بد قسمتی سے ہم لوگوں میں برداشت کی قوت ختم ہوتی جا رہی ہے ، اخلاقی اقدار کا خیال نہیں رکھا جاتا ۔ہم سب کو مل کر معاشرے میں تبدیلی لانے کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔
میری عادت ہے کہ میں زیادہ تر وقت ہنستے کھیلتے گزارتی ہوں اور جب میں لوگوں کے رویے دیکھتی ہوں تو مجھے دلی دکھ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دین میں اخلاقیات پر بڑا ضرور دیا گیا ہے مگر آج صورتحال بالکل مختلف ہو چکی ہے ، معاشرے میں اخلاقیات جیسے بنیادی جز کا جنازہ نکل چکا ہے ، ہمیں اس پر قابو پانے کے لئے اپنی اپنی سطح پر کام کرنا چاہیے اور ہم صرف مسکرا کے ایک دوسرے سے بات کرنا شروع کر دیں تو معاشرے میں خود بخود تبدیلی کا عمل شروع ہو جائے گا اس کے لئے ہمیں فوری عمل کرنا ہو گا ۔