لاہور (گلف آن لائن) قومی کرکٹر احمد شہزاد نے کہا ہے کہ میری تیاری ایسی ہے کہ مجھے لگ رہا ہے کہ میں کل ہی قومی ٹیم میں آجائوں گا،مجھے یقین ہے میں بہت جلد ٹیم میں واپسی کرونگا۔احمد شہزاد نے کہا کہ میں کرس گیل نہیں ہوں، میں چھے گیندوں پرچھے چھکے نہیں مارسکتا،میری سٹرنتھ ٹی ٹونٹی کھلاڑیوں سے مختلف ہے،ٹی ٹونٹی میں پاور ہٹنگ بہت زیادہ ہے،دنیا میں ایسا نہیں ہے کہ احمد شہزاد فری ہے تو اسے لیگ میں لے لو۔ میرے جیسے کھلاڑی کو اپنے ملک کی لیگ کھیلنا بہت ضروری ہے۔
لیگززیادہ تر مسٹری سپینرز،تیز فاسٹ باولرز یا پاور ہٹرز کو منتخب کرتی ہیں،ہماری کوشش ہونی چاہیے پہلے ملک کی طرف سے کھیلنا ہے،چمپئن ٹرافی اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتنے کی یادیں کبھی بھلائی نہیں جاسکتیں۔قومی کرکٹر نے کہا کہ میری دعا ہے کہ ہر ٹیم کو ہراکر آئیں ،ایشیا کپ سے اپنی ورلڈ کپ کی تیاری کا آغاز کریں۔پاکستانی ٹیم کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتی ہے اس میں کوئی شک نہیں۔
ابرار احمد مسٹری سپنر ہے بھارت میں اسامہ میر اورابرار احمد کا ٹیم میں ہونا فائدے مند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اورپاکستان میں کشیدہ تعلقات ہیں،نجم سیٹھی صاحب کی کوششوں کو سراہنا چاہیے۔انکی کوششوں سے ہمیں چار سے چھے میچز ملے،اگرہم بیک فٹ پر چلے جاتے تو شاید یہ میچز بھی نہ ملتے۔