ریاض(گلف آن لائن)سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سوڈان میں تنازع کے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ انسانی ہمدردی کے کاموں کی بحالی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام فریقوں کے عزائم کو عمل میں لایا جائے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے بتایا کہ شہزادہ فیصل نے خود مختاری کونسل کے سربراہ عبدالفتاح البرہان اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے کمانڈر محمد حمدان دقلو سے الگ الگ فون کالز پر گفتگو کی۔
سعودی وزیر نے قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے ہر قسم کی فوجی کشیدگی کو روکنے، سوڈان اور اس کے عوام کے لیے سلامتی اور استحکام کی واپسی کی ضمانت دینے والے سیاسی حل تک پہنچنے اور دونوں فریقوں سے پر امن رہنے کی اپیل کا اعادہ کیا۔ٹیلی فونک گفتگو میں انہوں نے سوڈان میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے انسانی ہمدردی کے کاموں کو بحال کرنے، شہریوں اور امدادی کارکنوں کی حفاظت یقینی بنانے اور انسانی ہمدردی کی امداد کی آمد کے لیے کراسنگز کو تحفظ فراہم کرنے کے عزم پر زور دیا۔