مکوآنہ (گلف آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیر مملکت طلال چودھری نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہمارا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں ہے ، یہاں کوئی 19یا 20کا مقابلہ نہیں ، یہاں 2013کا نتیجہ ری پلے ہونے جا رہا ہے۔ہمارے سروے کے مطابق قومی اسمبلیوں کی 141نشستوں میں سے 125سیٹوں پر مسلم لیگ (ن) کو برتری حاصل ہے ، سب کو سیاست کا حق ہے ، زرداری کو بھی سیاست کا حق ہے ، ہم تو لاہور میں انہیں ویلکم کرتے ہیں بلکہ اگر وہ یہاں دس دن رہتے ہیں تو 20سے 25دن رہا کریں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے ہم اگلا الیکشن اپنی کارکردگی ،
اپنی لیڈر شپ کے کردار اور اپنے کیے گئے کاموں کی بنیاد پر لڑیں گے اور پنجاب کے لوگ ان کاموں کو بھولتے نہیں طلال چوہدری نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ فیصلہ میرے حق یا میرے خلاف کی بات نہیں ہے ، فیصلے میں یہ تاثر نہیں ملنا چاہیے کہ پی ٹی آئی کے لوگوں ، بلوائیوں ، ان کے سربراہ عمران خان کو ریلیف دیا جا رہا ہے ، میں تو فیصلہ تسلیم کروں یا نہ کروں یہ بعد کی بات ہے پہلے ساتھی ججز تو فیصلہ تسلیم کریں ، کسی عام جج کی بات نہیں ہو رہی بلکہ سینئر ترین جج جو کہ چیف جسٹس پاکستان نامزد ہو چکے ہیں وہ قانون سمجھتے ہیں انکے قانونی نکات کا تو جواب دے دیں ۔
انہوں نے کہا کہ آرمی کورٹس پر پہلے اس سے بڑا بنچ فیصلہ کر چکا ہے اگر اس پر پہلے بھی فیصلہ ہو چکا ہے تو مزید فیصلہ کرنے کی ضرورت کیوں پیش آرہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جناح ہائوس یا شہدا کی یادگاروں پر حملہ ہوا ہے، کوئی ٹریفک کا اشارہ نہیں ٹوٹا، عدالت کے پیچھے چھپنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی ۔9مئی کو پولیس والوں کے سر پھٹے، ڈی آئی جی کی آنکھ ضائع ہوئی ، پی ٹی آئی کے رہنما لوگوں کو جناح ہاوس لے کر گئے تو انہوں نے ہی انہیں اشتعال دلایا ، باقاعدہ پلان کر کے 9 مئی کو چن چن کر حملے کئے گئے ، جن لوگوں نے یہ کیا، انہیں بھگتنا چاہیے ۔