وزیر اطلاعات

پاکستان کی پہلی میوزک پالیسی کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا ، وزیراطلاعات نے میوزک انڈسٹری کیلئے خوشخبری سنا دی

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے میوزک انڈسٹری کے لئے بڑی خوش خبری سنا تے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی پہلی میوزک پالیسی کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا ،میوزک پالیسی کے ذریعے متعدد مراعات اور سہولیات سے میوزک انڈسٹری کو نئی زندگی ملے گی ،نئی میوزک پالیسی سے پائیریسی، کاپی رائیٹس سمیت میوزک انڈسٹری کو درپیش دیگر مسائل حل ہوجائیں گے ۔

اپنے بیان میں مریم اور نگزیب نے کہاکہ پبلک پرفارمنس، پروڈکشن، ڈسری بیونیشن، ایڈیپٹیشن، ڈیوریشن ، مکینیکل ، کمیونیکیشن رائیٹس کو قانونی ڈھانچے میں لایاجارہا ہے ،ان اقدامات میں یوزرز اینڈ لائیسنسز کا مسئلہ بھی حل ہوگا جس سے میوزک انڈسٹری کو فروغ ملے گا ۔ انہوںنے کہاکہ مناپلائزیشن کے خاتمے کے ساتھ ساتھ میوزک ورکرز کے بنیادی قانونی حقوق کا تحفظ ہوگا ،کاپی رائٹ سمیت میوزک سٹیک ہولڈرز کو درپیش تمام مسائل اور مطالبات حل ہوں گے ۔

مریم اور نگزیب نے کہاکہ میوزک کی تیاری، گانے والے، لکھنے والے، دھن بنانے والوں کے قانونی حقوق کا تحفظ یقینی ہوگا ،میوزک کی فروخت، اس کی چربہ سازی اور میوزک چرانے سے متعلق دیرینہ مسائل حل ہوجائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ میوزک پالیسی ہمسایہ ممالک میں رائج قوانین اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تیاری کی گئی ہے ،پرانے میوزک کو محفوظ کرنے کے لئے خصوصی اقدامات بھی پالیسی میں شامل ہیں ۔

مریم اور نگزیب نے کہاکہ مقامی اور فوک میوزک، علاقائی زبانوں میں موسیقی کے لئے بھی اقدامات پالیسی کا حصہ ہیں ،گلوکاروں، لوک فنکاروں اور مقامی و علاقائی میوزک کو پروموٹ کریں گے ،اس پالیسی کے ذریعے پاکستان کی موسیقی کے عظیم ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لئے اقدامات ہوں گے ۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان کی موسیقی کا ورثہ بہت بھرپور اور تاریخی ہے جو صوفیاء کرام کی شاعری، قدیم اور جدید موسیقی کا نادر مجموعہ ہے ۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ موسیقی پاکستانی معاشرے کی روح کہی جاسکتی ہے، یہ قومی ، تہذیبی اور ثقافتی شناخت نسل درنسل منتقل ہوتی آرہی ہے ،1970 کے بعد سے اب تک میوزک کے شعبے میں قانونی، انتظامی یا پالیسی لیول کی کوئی تبدیلی نہیں ۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ کاپی رائٹ کی اہمیت سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا تاکہ معیاری میوزک بنے اور عوام تک پہنچے ،دانشورانہ حقوق ، میوزک کی چوری سے پاکستان اور میوزک انڈسٹری دونوں کو نقصان ہورہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں