کراچی(گلف آن لائن) مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ملاوٹ اور غیر معیاری اشیا کی فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے. غریب اور متوسط طبقہ قلیل آمدنی میں اپنے اخراجات پورے کرنے سے قاصر نظر آتا ہے صارفین کی نمائندہ تنظیم کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان نے کوکب اقبال کی سربراہی میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں یہ بات گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کیپ کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی۔
کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال کی سربراہی میں وفد میں شامل شیخ خلیل الرحمان- سینئر وائس چیئرمین، عبدالجبار راٹھوڑ- سینئر وائس چیئرمین، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ جاوید احمد چھتاری- چیئرمین قانونی امور، ڈاکٹر حنیف سعید- وائس چیئرمین ہیلتھ کیئر، سیدہ رافعہ ماموجی – چیئرپرسن ویمن ونگ، آمنہ شارق – سینئر وائس چیئرپرسن ویمن ونگ، رافعہ مدثر وائس چیئر پرسن ویمن ونگ، سید تراب شاہ – چیئرمین میڈیا افیئرز، سلیم خان – وائس چیئرمین ایڈوائزری کونسل، سید حماد علی شاہ- چیف کوآرڈینیٹر، ایڈووکیٹ فرح اعوان- کوآرڈینیٹر قانونی امور موجود تھے۔
اس موقع پر گورنر سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر سیف الرحمان اور جی ڈی سی کے سیکریٹری ظفر عباس بھی موجود تھے کوکب اقبال نے گورنر سندھ کو بریف کرتے ہوئے کیپ کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کی کوششوں سے ملک کے چاروں صوبوں میں کنزیومر پروٹیکشن نافذ ہو چکا ہے اور پنجاب فوڈ اتھارٹی، سندھ فوڈ اتھارٹی، کے پی کے فوڈ اتھارٹی، بلوچستان فوڈ اتھارٹی، قائم ہوچکی ہیں بلکہ صوبہ سندھ سمیت تمام صوبوں میں کنزیومر کورٹس بھی قائم ہیں جس کی وجہ سے صارفین کو ریلیف حاصل ہورہا ہے کوکب اقبال نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر سختی سے عمل کرایا جائے کیونکہ منافع خور تاجر صارفین کو مہنگی اشیا فروخت کرنے کے ساتھ ملاوٹ شدہ اشیا بھی فروخت کر رہے ہیں۔
کوکب اقبال نے بتایا کہ صارفین کی آگاہی کے لیے کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان پورے سال مختلف موضوع پر کانفرنس اور سیمینار کا انعقاد بھی کرتی ہے جس میں کنزیومر فوڈ سیفٹی کانفرنس ، کنزیومر آء ٹی ٹیلیکام کانفرنس ، ایئر پیسنجر رائٹس کانفرنس ،کنزیومر فائنانشل کانفرنس قابل ذکر ہیں جب کہ وقتا فوقتا مختلف ورکشاپ کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر کام کیا جائے تاکہ صارفین کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن ہوسکے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کیپ کے وفد کو اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا اس موقع پر کیپ کے چیئرمین کوکب اقبال نے گورنر سندھ کو کیپ کی یادگاری شیلڈ اور گلدستہ بھی پیش کیا۔