لاہور(گلف آن لائن) سینئر رائٹر انور مقصود نے کہا ہے کہ پی ٹی وی کامقبول مزاحیہ شو ففٹی ففٹی چھوڑنے کے حوالے سے راز سے پردہ اٹھا دیا ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے بتایا کہ جب شعیب منصور نے ففٹی ففٹی کراچی ٹی وی سینٹر سے شروع کیا تو اس کا اسکرپٹ لکھنے کے لیے مجھ سے رابطہ کیا تھا میں نے ابتدائی 16 اقساط لکھیں اوریہ پروگرام ابتدا ہی سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گیا۔
اتنے مقبول شو کو یوں اچانک چھوڑنے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انور مقصود نے کہا کہ اس شو سے پاکستان کو زیبا شہناز مرحوم اسماعیل تارا، ماجد جہانگیر جیسے کئی فنکار ملے،جب یہ مقبول ہوا تو اس وقت کے صدر ضیا ء الحق نے تمام ٹیم بشمول شعیب منصور کے اسلام آباد بلایا لیکن مجھے نہیں بلایا۔اس وقت کے وزیر اطلاعات سے جب میں نے استفسار کیا کہ ففٹی ففٹی کی پوری ٹیم کو بلایا مجھے نہیں بلایا اس کی وجہ کیا ہے جس پر انہوں نے کہا کہ یہ تو مزاحیہ پروگرام ہے جو فنکاروں کی وجہ سے مقبول ہوا ہے اس میں لکھنے والے کا کیا کارنامہ ہے ۔
انور مقصود نے کہا کہ یہ جواز سننے کے بعد میں نے ان سے کہا کہ ارے سر مجھے پتہ نہیں تھا آپ نے تو مجھے نئی بات بتائی، اب میں اگلے ہفتے سے چھوڑ رہا ہوں، یہ میرے بغیر بھی پروگرام کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد میں نے اپنا پروگرام ”شوشا ”شروع کیا جس میں تمام سنجیدہ فنکاروں جیسا کہ طلعت حسین، شفیع محمد شاہ، شکیل، سبحانی بایونس، جاوید شیخ، محمود علی، قاضی واجد سے ایکٹنگ کرائی۔انور مقصود نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ان کے ففٹی ففٹی چھوڑنے کے بعد ہر اداکار خود اپنا اسکرپٹ لکھتے تھے کیونکہ انہیں لکھنا آگیا تھا۔