بیجنگ (گلف آن لائن)چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے ایک یومیہ پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکہ میں کچھ لوگ صحیح اور غلط کو گڈ مڈ کرتے ہوئے “چین کی فوجی طاقت ایک خطرہ ہے” کی بار بار تشہیر کرتے ہیں تاہم اس کا حقیقی مقصد اپنے لیے ہتھیاروں کی توسیع،فوجی تسلط برقرار رکھنا اور علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کے بہانے تلاش کرنا ہے۔
پیر کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق ترجمان نے نشاندہی کی کہ چین ہمیشہ دفاعی نوعیت کی دفاعی پالیسی پر عمل پیراہے اور پرامن ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ چین کی عسکری طاقت میں اضافہ دنیا میں امن کی حامی قوت کی ترقی ہے جو کہ ایشیا پیسیفک اور دنیا میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے سازگار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی مکمل وحدت تمام چینیوں کی مشترکہ خواہش ہے اور ہم انتہائی خلوص اور بہترین کوششوں کے ساتھ پرامن وحدت کی جستجو کریں گے۔ ساتھ ہی، ہم کسی شخص یا کسی قوت کو تائیوان کو مادر وطن سے علیحدہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ ون چائنا اصول اور چین امریکہ تین مشترکہ اعلامیے کی پاسداری کرے اور علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔