کراچی (گلف آن لائن)اداکارہ ماورا حسین نے کہا ہے کہ جب وہ شادی کریں گی تو وہ اپنے ساتھی کے ساتھ نکاح نامے کی تمام شقیں بغور پڑھیں گی۔پوڈکاسٹ کے دوران ماورا حسین نے ڈرامے کے انتخاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسکرپٹ پر دستخط کرتے ہوئے میں یہ نہیں سوچتی کہ اس میں سماجی پیغام نہیں ہے تو میں نہیں کروں گی، اگر اسکرپٹ میں جو پیغام دیا جارہا ہے وہ معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے تو میں کوشش کرتی ہوں کہ وہ ڈراما نہ کروں۔
انہوں نے کہا کہ پیار اور محبت غلط بات نہیں ہے لیکن یہ سوچنا کہ ہم محنت بھی نہ کریں اور کوئی شہزادہ ہمیں بچا لے گا، یہ بے وقوفی والی بات ہے، ہمارے معاشرے میں لڑکیاں ایسے سوچتی ہیں۔ماورا نے کہا کہ پیار و محبت میں پاگل ہوجانا غلط ہے، محبت ایک دوسرے کی زندگی میں دخل اندازی کرنا نہیں ہے، بلکہ یہ ایک پْرسکون احساس ہے، آپ کا ساتھی یہ سمجھے کہ آپ کے لیے کیا اہم ہے اور آپ کس چیز کے لیے پرْجوش ہیں۔
انہوںنے کہاکہ میں محبت میں گرفتار ہونے کے خلاف نہیں ہوں لیکن یہ سوچنا کہ محبت آپ کی زندگی کے تمام مسائل کو ختم کردے گی، بالکل غلط ہے، رشتے میں خواہش اور محبت سر پر سوار نہیں کرنی چاہیے، دونوں کو برابر لے کر چلنا چاہیے۔اداکارہ نے سوشل میڈیا ٹرولنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب مجھے ٹرولنگ کا نشانہ بنایا گیا تو میں بہت زیادہ متاثر ہوئی تھی، یہ اتنی بری چیز ہے کہ آپ کا دل چاہتا ہے کہ اس سے دور بھاگ جائیں، اور سمجھ نہیں آتا کہ اس وقت کیا کریں۔