لاہور ( گلف آن لائن) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے، فسطائیت، چنگیزیت، بربریت اور لاقانونیت ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے لکھا کہ صبح 2 بجے میرے عزیز دوست سید قاسم شاہ کے دونوں گھروں میں میری گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا گیا جب میں نہ ملا تو ان کے گھروں میں برے طریقے سے توڑ پھوڑ کی گئی اور ان کے اکلوتے 11 سالہ بیٹے سید عون محمد کو اٹھا کر ساتھ لے گئے۔
انہوں نے کہا کہ میرے گھروں میں 5 مرتبہ ریڈ کیا گیا جبکہ 30سال پہلے میری مرنے والی ماں کے گھر کو بھی نہیں بخشا گیا، میرے 3 ٹیلی فون، لیپ ٹاپ، گھڑیاں، گاڑیاں سب کچھ لے گئے،عدالت کے حکم کے باوجود میری گاڑیوں کو واپس نہیں کیا جا رہا۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں اندھیر نگری چوپٹ راج، فسطائیت، چنگیزیت، بربریت اور لاقانونیت ہے، میں اپنی پارٹی کے نشان قلم دوات پر ایک سیٹ پر الیکشن لڑتا ہوں لیکن میرا ٹوئٹ مجھے آزادانہ جینے کا حق نہیں دے رہا، میرے گھروں کو ھلواڑہ اور چونڈہ بنا دیا گیا ہے، میرے ملازمین کو مار مار کر بازو توڑ دیئے گئے، ملازمین کام چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9مئی کے واقعے کی مجھ سے زیادہ کسی نے مذمت نہیں کی لیکن میں دبائو میں آ کر پریس کانفرنس کرنے والوں میں سے نہیں، نسلی اور اصلی ہوں دوستی اور دشمنی قبر کی دیوار تک نبھائوں گا۔سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ جان آنی جانی چیز ہے اور جو قول میرا دنیا بھر میں مشہور ہوا ہے اسے پھر دہراتا ہوں، موت میری محبوبہ، جیل میرا سسرال، ہتھکڑی میرا زیور ہے، ہارتا وہ ہے جو ہار مانتا ہے، موت کے منہ سے بھی انشااللہ کامیابی چھین لیں گے۔