اسلام آباد (گلف آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے رواں برس ہونے والے کرکٹ کے 2 ٹورنامنٹ ایشیاکپ اور ورلڈکپ کیلئے پاکستانی اسکواڈ سے متعلق چیزوں کو واضح کرتے ہوئے کہاہے کہ حال ہی میں نیوزی لینڈ سیریز کیلئے جن کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے ورلڈکپ اور ایشیا کپ کے حوالے سے ان کھلاڑیوں میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کی جائیں گی۔
ایک انٹرویو کے دوران صحافی نے مکی آرتھر سے مستقبل میں ون ڈے ٹیم کیلئے عماد وسیم، شعیب ملک، محمد عامر ، حارث سہیل اور عمر اکمل کواسکواڈ میں شامل کیے جانے سے متعلق سوال کیا جس دوران انہوں نے بغیر کسی کھلاڑی کا نام لیے جواباً کہا کہ اس گروپ سے چند کھلاڑیوں سے وعدہ کیا گیا ہے۔مکی آرتھر نے کہا کہ حال ہی میں نیوزی لینڈ سیریز کیلئے جن کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے ورلڈکپ اور ایشیا کپ کے حوالے سے ان کھلاڑیوں میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کی جائیں گی،
ہم نے نیوزی لینڈ سیریز کیلئے ایسے اسکواڈ کا انتخاب کیا تھا جسے ہم ورلڈکپ اور ایشیا کپ کیلئے بھی ساتھ لے کر چلیں گے، حارث سہیل اس اسکواڈ میں شامل تھے لیکن وہ فٹنس مسائل کی وجہ سے نیوزی لینڈ سیریز کیلئے نہیں جاسکے۔مکی آرتھر کے مطابق نیوزی لینڈ سیریز کیلئے اسکواڈ میں کئی کھلاڑیوں کو دیر سے شامل کیا گیا تاہم جس اسکواڈ کو منتخب کیا گیا ہے ان میں، ورلڈکپ اورایشیا کپ کیلئے جانے والے اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اس سیریز کیلئے 20 کھلاڑی تھے جبکہ ہمیں ان ایونٹس کیلئے 15 کھلاڑیوں کی ضرورت ہوگی، میں کھلاڑیوں کو تحفظ دینے پر یقین رکھتا ہوں، میں نہیں چاہتا ہمارے کھلاڑی کسی بھی حوالے سے غیر یقینی کی صورتحال کے ساتھ پرفارم کریں۔قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر کے مطابق ہمیں وینیو کے حوالے سے کوئی مسائل نہیں ہیں، ہمارے پاس ایک بہترین اسکواڈ ہے جو کسی بھی وینیو اور کسی بھی ٹیم کے خلاف جیت کی صلاحیت رکھتا ہے، میں ٹورنامنٹ کے حوالے سے چنے گئے وینیوز سے خاصا مطمئن ہوں۔