کراچی (پورٹنگ آن لائن)ماڈل واداکارہ نتاشا حسین نے سینئر اداکار بہروز سبزواری کے بیٹے شہروز سبزواری کو اداکار ماننے سے انکار کردیا تاہم بعد ازاں انہوں نے اپنے بیان پر معافی مانگ لی۔نتاشا حسین حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کی مہمان بنیں جس دوران میزبان نے ایک سیگمنٹ کے دوران ان سے سوال کیا کہ آپ کی نظر میں انڈسٹری میں وہ کون سی اداکارہ یا ادکار ہیں جن کے حوالے سے آپ کو لگتا ہو انہیں اقربا پروری کی وجہ سے پلیٹ فارم ملا؟میزبان کے سوال پر نتاشا نے بہروز سبزواری کے بیٹے شہروز سبزواری کانام لیا اور کہا کہ کیوں کہ میں انہیں اداکار نہیں سمجھتی،
اگر شہروز بہروز سبزواری کے بیٹے نہ ہوتے تو شاید ان کو اتنے بڑے پراجیکٹس نہ ملتے لیکن ان کے والد ایک بہترین اداکار ہیں۔ماڈل کے بیان پر میزبان نے واضح کیا کہ اس سوال سے ہمارا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں ہے یہ سوال محض ایک تفریح کیلئے ہے۔پروگرام میں ایسے سوالات پر شوبز انڈسٹری سمیت مداحوں کی جانب سے غم وغصے کا اظہار کیا گیا ، اداکارہ یشمیٰ گل نے شو کے وائرل کلپ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ایسے سوال کیوں پوچھے جاتے ہیں؟
اور پھر یہ کہہ دینا کہ مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا، کسی کا مذاق اڑانے میں کیسی تفریح، اس سے قطع نظر کہ ہم کس بیک گراؤنڈ سے ہیں، ہم دن بھر محنت کرکے اپنے کام سے انصاف کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اس طرح کے سوالات کو شو میں شامل نہیں کرنا چاہیے۔سینئر اداکارہ لیلیٰ واسطی نے لکھا کہ کیا ہم لوگوں پر بات کرنے اور اپنی انڈسٹری پر تنقید کرنے کے بجائے کوئی بہتر مواد شامل نہیں کرسکتے ؟
بعد ازاں نتاشا حسین نے انسٹاگرام اسٹوری شیئر کرتے ہوئے معافی مانگ لی اور کہا کہ میں شہروز سبزواری سے متعلق اپنے بیان پر معافی مانگتی ہوں، میں نے کہا تھا لیکن میرا ہرگز یہ مقصد نہیں تھا میرے بیان کو غلط لیا گیا، شہروز اچھے اداکارہیں۔نتاشا حسین نے اپنے بیان پر ہونے والی ٹرولنگ پر لکھا کہ بھائی معاف کردو اور اپنی زندگی پر فوکس کرو، کمال ہے کہ بات پکڑنے کا آرٹ لوگوں کی تفریح کا ذریعہ بن چکا ہے۔اداکارہ و ماڈل نے مزید لکھا کہ متعلقہ شخص سے معذرت اور ان لوگوں سے بھی جو اس کیلئے فکر مند ہیں۔