بلال اظہر کیانی

مالی سال 24۔2023میں للہ جہلم دورویہ سڑک کی تعمیر کیلئے ایک ارب80 کروڑ روپے مختص کئے جا چکے ہیں، بلال اظہر کیانی

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ للہ جہلم دورویہ سڑک کی تعمیر علاقہ کے مکینوں کا دیرینہ مطالبہ تھا ، اس کی تعمیر پر نہ تو کام رکا ہے اور نہ ہی اسے بند کیا گیا ہے، یہ منصوبہ ضرور مکمل ہو گا،للہ جہلم دورویہ شاہراہ پر جاری تعمیراتی کام کے حوالے سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سچ جھٹلایا نہیں جا سکتا کیونکہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے۔انہوں نے کہا کہ للہ جہلم روڈ پر کام بند ہونے کی قیاس آرائیوں پر میں نے حقائق معلوم کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال 24۔2023میں اس سڑک کی تعمیر کے لئے ایک ارب80 کروڑ روپے مختص کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنہوں نے ہماری درخواست منظور کرتے ہوئے بجٹ میں للہ جہلم روڈ کے لئے ایک ارب 80 کروڑ روپے مختص کئے۔انہوں نے کام کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ 13 جولائی کے دن میں دلاور کے علاقے میں 780 ٹن تارکول بچھایا جا چکا ہے،

چوٹالہ کے علاقے میں 50 کیوبک میٹر سڑک میں سیمنٹ اور سریے سے حصہ کی تعمیر کی گئی ہے، نتھوالہ کے علاقے میں سب بیس کی ٹاپ لیئر پر کام کے ساتھ ساتھ مڑیالہ شریف میں پلی کا کام مکمل ہو گیا ہے جبکہ پل کے اوپر سیمنٹ کے تختے بچھانے کا ابتدائی کام کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح سے پنڈی سید پور پر سب سڑک کے پشتوں کی پختگی ،چوران میں پلی پر سیمنٹ کے تختے بچھانیکے ٹاپ سلیبس اور سروبہ/ٹوبہ کے علاقے میں سیمنٹ سے سڑک کے پختہ حصے کی تعمیر پر کام کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں