اسلام آباد (گلف آن لائن)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پی ایچ ایف اور ماحولیاتی تبدیلی کے پارلیمانی کاکس کے درمیان مضبوط شراکت داری کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایچ ایف کے دو نمائندوں کو کاکس میں نمائندگی فراہم کی جائے گی تاکہ دونوں پلیٹ فارمز کے درمیان تعاون کو تقویقت دی جا سکے۔
چیئرمین سینیٹ، محمد صادق سنجرانی نے بدھ کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ”پاکستان ہیومینٹیرین فورم کی سالانہ رپورٹ 2022 ”کے لانچ ایونٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہیومینٹیرین فورم (پی ایچ ایف) نے پاکستانی عوام کی ترقی اورخاص طور پر تباہ کن سیلاب کے بعد متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کیلئے بھرپور کوششیں کیں اور ہم اْنکے اس غیر معمولی جذبے اور کاوشوں کو سراہتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پی ایچ ایف ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو مختلف تنظیموں کو اکٹھا کرتے ہوئے مؤثر طریقے سے پاکستانی عوام کی خدمت کرنے کے قابل بناتا ہے۔ انہوں نے پی ایچ ایف کو سینیٹ آف پاکستان کے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ چیئرمین سینیٹ نے پی ایچ ایف اور ماحولیاتی تبدیلی کے پارلیمانی کاکس کے درمیان مضبوط شراکت داری کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایچ ایف کے دو نمائندوں کو کاکس میں نمائندگی فراہم کی جائے گی تاکہ دونوں پلیٹ فارمز کے درمیان تعاون کو تقویقت دی جا سکے۔
مزید برآں، چیئرمین سینیٹ نے نئی نسل کے مستقبل کے تحفظ کے لیے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پی ایچ ایف اور مختلف تنظیموں کو مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان کی پائیدار ترقی کو ممکن بنانے کیلئے ایک ڈونرز کانفرنس منعقد کرنے کی تجویز بھی دی۔
انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے فنی تربیت کے اداروں کا قیام کرے۔ تقریب کے آخر میں، چیئرمین سینیٹ نے سالانہ رپورٹ کے کامیاب اجراء پر پی ایچ ایف کو مبارکباد پیش کی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پی ایچ ایف کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔