سنیل شیٹی

ٹماٹر سے متعلق بیان سنیل شیٹی کو مہنگا پڑ گیا، وضاحت دینی پڑ گئی

ممبئی (گلف آن لائن)نامور بھارتی اداکار سنیل شیٹی کیلیے بھارت میں ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے حوالے سے بیان مہنگا پڑ گیا، جس کے بعد انہیں اب اس کی وضاحت بھی دینی پڑ گئی۔ سنیل شیٹی نے ایک انٹرویو میں ملک میں ٹماٹر کی بڑھتی قیمت پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ ٹماٹر کی قیمت آسمان چھو رہی ہے اس لیے میں آج کل کم ٹماٹر کھاتا ہوں۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ لوگ سوچتے ہوں گے کہ میں سْپر اسٹار ہوں اس لیے یہ چیزیں مجھ پر اثر انداز نہیں ہوتی ہوں گی، تو یہ سچ نہیں ہے ہمیں بھی ایسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اداکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں زیادہ تر سبزیاں موبائل ایپ سے منگواتا ہوں، آپ حیران ہوں گے کہ وہاں سبزیوں کی قیمتیں مارکیٹ سے کم ہیں۔ سنیل شیٹی کے مذکورہ بیان کو کسان مخالف تصور کرتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد اب انہوں نے اسکی وضاحت جاری کی ہے۔

اپنے تازہ بیان میں سنیل شیٹی کا کہنا تھا کہ میں کسانوں کو سپورٹ کرتا ہوں، میرا ان سے متعلق کوئی منفی زاویہ نہیں ہے۔ میں نے تو ہمیشہ ان کی سپورٹ میں کام کیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ ہم لوگ اپنے کسانوں اور اپنی دیسی اشیاء کو فروغ دیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں اس کی معافی مانگتا ہوں۔ میں کسانوں کے خلاف ایک لفظ بھی نہیں بول سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں