مکوآنہ (گلف آن لائن)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں شعبہ ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن کے زیر اہتمام پرائم منسٹر یوتھ پروگرام پنجاب والی بال خواتین پراونشل لیگ کی افتتاحی تقریب منعقدکی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابق رکن قومی اسمبلی میاں عبدالمنان اور مہمان اعزاز سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں شعیب ادریس تھے۔
میاں عبدالمنان نیکہاکہ بیٹیوں سے محبت اور فخر ہمیں ہمارے دین سے ملا ہے اوروہ بیٹیوں کی ذہانت کے قائل ہیں جو موقع ملنے پر ہر میدان میں اپنی صلاحیتیں منواتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ارفع کریم کی طرح ہماری بہت سی بیٹیوں نے ملک کا نام روشن کیا۔
انہوں نے آئی ایم ایف کے معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آنے والی حکومت میں معاشی استحکام اور بہتر منصوبوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کے نئے کیمپس کو ایک مثالی عمارت اور ہوسٹل کی بہترسہولیات سے مزین کیا جا ئے گا۔
اس موقع پر وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے کہا کہ خواتین صرف صنف نازک نہیں بلکہ یہ ہر میدان میں اپنی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑرہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ طا لبات تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی دنیا میں بھی آگے بڑھ رہی ہیں۔انہوں نے ٹرائلز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں کو مبارک باد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔