ڈالر

روپے پر دباو برقرار، ڈالر مزید مہنگا، اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی

کراچی (گلف آن لائن) چین کی 2 ارب ڈالر کے قرضے ری شیڈول کرنے پر رضامندی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے باوجود جمعے کو بھی معمولی کمی کے بعد ڈالر کی پیش قدمی جاری رہی جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 286روپے سے بھی تجاوز کرگئے جبکہ اوپن ریٹ 291روپے کی سطح پر آگئے۔

آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے شرح تبادلہ کو مارکیٹ فورسز پر چھوڑنے اور سٹے بازوں کی محتاط انداز میں مبینہ طور پر متحرک ہونے سے ڈالر کی قدر میں اضافے کا تسلسل جاری رہا۔

کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ ڈالر کی قدر 1.67روپے کے اضافے سے286.81روپے کی سطح پر بند ہوئی اور اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بھی 1.50روپے کے اضافے سے 291روپے کی سطح پر بند ہوئی۔دریں اثنا سپر ٹیکس کے حوالے سے عدالتی فیصلے اور غیرملکیوں کی آئل اینڈ گیس سیکٹر میں تازہ سرمایہ کاری کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو بھی تیزی رہی جس سے انڈیکس کی 45400، 45500، 45600، 45700، 45800اور 45900پوائنٹس کی مزید 6سطحیں بھی بحال ہوگئیں۔

تیزی کے سبب 58.11فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت بھی 70ارب 93کروڑ 70لاکھ 25ہزار 187روپے کا اضافہ ہوگیا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 522.52 پوائنٹس اضافے سے 45920.73پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں جمعہ کو بھی فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1800روپے اور 1542 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

جس کے نتیجے میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 222900روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 191100 روپے کی سطح پر آ گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں