اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر برائے خزانہ اسحاق ڈار کو کوئی بھی ذمے داری دی جائے، وہ اس کے اہل ہیں۔مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک نے ایک انٹرویومیں کہا کہ نگراں وزیراعظم کیلئے لیڈر آف دی ہاؤس تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔
مصدق ملک نے کہاکہ اسحاق ڈار معاملات بہت اچھے انداز میں لے کر چلے ہیں، اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کوئی بھی ذمے داری دی جائے وہ نبھائیں گے۔وزیر مملکت نے کہا کہ سیاسی جوڑ توڑ پر اس وقت کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا۔مصدق ملک نے کہا کہ نئی مردم شماری پر اعتراضات ہوگئے جنہیں دور کرنے میں کئی ماہ لگ گئے،
نئی مردم شماری اگر نوٹیفائی کردی جائے تو اس کے مطابق الیکشن میں چار سے چھ ماہ چاہئیں، حکومت کا مؤقف ہے کہ پرانی مردم شماری پر الیکشن کرا لیا جائے۔مصدق ملک نے کہا کہ نئی حلقہ بندیوں کے لیے چار سے چھ ماہ درکار ہوں گے، ن لیگ کا مؤقف ہے کہ پرانی حلقہ بندیوں کی بنیاد پر الیکشن کرا لیے جائیں۔