لاہور (گلف آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کمیٹی کو با اختیار بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے سربراہ کرکٹ کمیٹی مصباح الحق کو فری ہینڈ دیدیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کی جانب سے مصباح الحق کو پیغام بھیجا گیا ہے،جس میں کہا گیا کہ کرکٹ کمیٹی کو مضبوط اور بااختیار بنائیں گے۔
بھیجے گئے پیغام میں ذکا اشرف نے کہاکہ اپنے ساتھ سینیئر کرکٹرز کو ملائیں اور کرکٹ کے تمام معاملات کو دیکھیں۔ذرائع کے مطابق کرکٹ کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق کی کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے دوسری جانب کرکٹ کمیٹی کے لیے سینئر سابق کرکٹرز کے نام کل تک فائنل ہونے کا امکان ہے۔
کرکٹ کمیٹی ہی چیف سلیکٹر اور اراکین کے نام تجویز کریگی ،یہ بھی کہا جارہا ہے کہ چیئرمین ذکا اشرف محمد حفیظ کو سلیکشن کمیٹی کی ذمہ داریاں دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابقکرکٹ کمیٹی پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے معاملے پر بھی تجاویز دے گی ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن کے عہدوں پر برقرار رہنا مشکل ہے، پاکستان کرکٹ بورڈہیڈکوچ کے لیے نیا نام تلاش کرے گی