لاہور (گلف آن لائن)پنجاب یونیورسٹی سینڈیکیٹ کا1752واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں گجر خان کے نوجوان لڑکوں اور بالخصوص لڑکیوں کو ان کے علاقے میں معیاری اور اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لئے پنجاب یونیورسٹی کا گجر خان کیمپس قائم کرنے کے لئے منظوری دی گئی۔
سینڈیکیٹ اجلاس میں ممبران نے کہا کہ گجر خان کے رہائشیوںکو اعلی تعلیم کی فراہمی کہ لئے یہ قدم اٹھایا جا رہا ہے اور اس منصوبے کے لئے گرانٹ فراہم کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا گیا۔
سینڈیکیٹ ممبران نے حکومت سے گرانٹ میں اضافے کیلئے بھی استدعا کی تاکہ مستقبل میں گجر خان کیمپس بہترین انداز میں چل سکے اور کیمپس مالی طور پر مضبوط ہو۔
ممبران نے کہا کہ کیمپس سے گجر خان کے نوجوان طلباو طالبات کو معیاری تعلیم انہی کے علاقے میں مل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ گجر خان کیمپس میں پروفیشنل ڈگری پروگرامز شروع کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پروفیشنل ڈگری پروگرامز کے بعد نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ اجلاس میں پنجاب یونیورسٹی کے جہلم اور گوجرانوالہ کیمپس کے مالی وسائل میں اضافے کے لئے بھی کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔