لاہور: (گلف آن لائن) نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف کاکہنا ہے کہ شہیدان کربلا نے اپنے قول و فعل سے حق و صداقت کی راہ میں جانثاری کی عظیم تاریخ رقم کی۔
نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف نے یوم عاشور پر پیغام میں کہا کہ کربلا اقتدار کی جنگ نہیں بلکہ اصولوں کی بقا اور حق کی سربلندی کے لیے شہادت کا فیصلہ تھا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ امام عالی مقام کی شہادت کا سبق ہے کہ کسی ظالم اور جابر و فاسق کو حق کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت نہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا رسول خدا کے نظریے اور منشور کے علمبردار تھے، نواسہ رسول نے اسلام کی عملی تفسیر اپنی اور اپنے جانثاروں کی شہادت پیش کر کے بیان کر دی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے رفقا کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کے لئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔