نادیہ جمیل

نادیہ جمیل کا 14 سالہ بچی کیلئے انصاف کا مطالبہ

لاہور (گلف آن لائن)پاکستان کی سینئر اداکارہ اور سماجی کارکن نادیہ جمیل نے 14 سالہ گھریلو ملازمہ رضوانہ کے لیے انصاف کا مطالبہ کردیا۔

نادیہ جمیل نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا اور انہوں نے عوام سے رضوانہ کی صحت کے لیے دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ بچی اپنی زندگی کے لیے جنگ لڑ رہی ہے جب کہ بچی پر بدترین تشدد کرنے والی خاتون آزاد گھوم رہی ہے ، بچی کو انصاف ملنا چاہیے۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ خدارا غربت کا سامنا کرنے کے لیے اپنے بچوں کا استعمال نہ کریں ، آپ کے بچوں نے پاکستان کی غربت کا ٹھیکا نہیں اٹھایا ہوا۔

نادیہ جمیل نے ٹوئٹر پر اداکارہ سجل علی کا ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے بچوں سے کام نہ کروانے، ان پر ظلم اور زیادتی بند کرنے پر زور دیا تھا۔ساتھ ہی اداکارہ کی جانب سے سجل کا شکریہ ادا بھی کیا گیا کہ سجل وہ واحد شخصیت ہیں جنہیں میں نے چائلڈ لیبر کے حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کرنے کا کہا، انہوں نے اس کے جواب میں فوری اپنا پیغام دیا۔

نادیہ نے کیپشن میں لکھا ‘مسئلہ یہ ہے کہ ہم میں سے اکثر لوگ یہ جانتے ہی نہیں ہیں کہ چھوٹے بچوں کو گھر میں ملازم یا غلام بنا کر رکھا جارہا ہے، لوگوں کو یہ نہیں معلوم کہ کیا ان بچوں کو تعلیم دی جارہی ہے؟ کیا ان کی حالت ٹھیک ہے؟انہوں نے لکھا کہ چھوٹے بچے امیر لوگوں کے بچوں کو اٹھاتے ہیں، امیر لوگوں کے گھر صاف کرتے ہیں، ان کی خدمت کرتے ہیں اور پھر یہی امیر لوگ ان چھوٹے بچوں کو مارتے ہیں، بھوکا رکھتے ہیں اور تعلیم سے محروم رکھتے ہیں، تعلیم ان بچوں کا آئینی اور دینی حق ہے۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو 13 سالہ گھریلو ملازمہ کے ساتھ بدترین تشدد کا واقعہ رپورٹ ہوا تھا، بچی اسلام آباد کے سول جج کے گھر ملازمہ تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں