اسلام آباد ( گلف آن لائن)توہین الیکشن کمیشن کیس میں فواد چوہدری نے معافی نامہ الیکشن کمیشن کو جمع کرا دیا جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دئیے ہیں کہ کمیشن معافی نامہ دیکھ کر فیصلہ کرے گا۔
سابق وزیر فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے کی۔ فواد چوہدری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے جبکہ وکیل فیصل چوہدری نے معافی نامہ الیکشن کمیشن کو جمع کرا دیا۔
ممبر کمیشن نے استفسار کیا کسی کو برا بھلا کہنا پارٹی پالیسی ہو سکتی ہے؟ جواباً فواد چوہدری بولے ماحول ہی ایسا بنا ہوا تھا ملک کا،سمجھ نہیں آ رہی تھی تلخیوں میں کہاں جائیں گے؟ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے معافی کی پہلی تین لائن میں اپ نے کنڈیشن ڈالی ہیں،آپ پراپر طریقے سے معافی لکھتے ورنہ شو کاز نوٹس کا جواب دے دیتے۔
فواد چوہدری کے وکیل نے مؤقف اپنایا یہ تکنیکی معاملات ہیں، ہماری معافی کو قبول کریں۔ چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کمیشن معافی نامہ دیکھ کر فیصلہ کریگا اور معافی نامہ دیکھ کر اگلی سماعت پر فیصلہ دے گا۔ الیکشن کمیشن میں کیس کی سماعت پندرہ اگست تک ملتوی کردی گئی