آل پاکستان انجمن تاجران

آل پاکستان انجمن تاجران کاپیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار

لاہور( گلف آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے پیٹرولیم کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر کئے گئے اضافے پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوگا، مختلف مدوں میں بجلی اور گیس کے ٹیرف میں اضافے کے بعد پیٹرولیم کی قیمتیں بڑھانے سے مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے طبقات زندہ درگور ہو جائیں گے، بے پناہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید پہلے ہی جواب دے گئی ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کو پورا کرتے کرتے عوام کی نبض ڈوبنا شروع ہو گئی ہے، بجلی کی قیمتیں بڑھانے کے بعد پیٹرولیم کی قیمتوں میں 20روپے لیٹر تک اضافہ بڑا ظلم ہے ، موجودہ حالات میں عوام کے لئے دو وقت کی روٹی کو پورا کرنا مشکل ہوگیا ہے، جب عوام کی قوت خرید نہیں ہو گی تو اس کے کاروبار بھی منفی اثرات ہوتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ کیا جب تک آئی ایم ایف کا ڈھول ہمارے گلے پڑا رہے گا عوام اسی طرح پستے رہیں گے ،قرضوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے قومی پالیسی پر کام شروع کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں