وزیراعظم

وسائل بچا کر غربت و بے روزگاری ختم کرنے کیلئے استعمال کریں تو قرضے کی ضرورت نہیں ہوگی، وزیراعظم

اسلا م آباد(گلف آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے وسائل بچا کر غربت، ناخواندگی اور بے روزگاری ختم کرنے کیلئے استعمال کریں تو ہمیں قرضے لینے کی ضرورت نہیں ہوگی، پاکستان کو مشکلات سے نکال کر خوشحالی کی جانب گامزن کرنے کیلئے جتنے اتحاد، محنت اور یکجہتی کی ضرورت ہمیں آج ہے وہ 75سالوں میں پہلے کبھی نہیں تھی، وقت آگیا ہے ہم دوبارہ عہد کی کریں اور قرآن پاک،رسولۖ کی سنت اور قائداعظم کے خیالات کے مطابق پاکستان کی خدمت کریں ۔وزیراعظم ہائوس میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی امور پر رہنمائی کرنے پر عملے کی بے پناہ خدمات کا اعتراف اور ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ آپ سب کا شکریہ ادا کروں گا،16ماہ میں آپ نے وزیراعظم ہائوس میں میری بھرپور رہنمائی کی جس کیلیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ میں درست انداز میں آپ سب کا شکریہ ادا کر سکوں،میں سکیورٹی فورسز،کک، ڈرائیور، اسسٹنٹ، اور خدمت پر مامور تمام عملے کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ 16ماہ میری زندگی کا شاندار اثاثہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ہائوس میں کوشش کی کہ وسائل کو ممکنہ حد تک بچایا جاسکے، حتیٰ کہ خراب معاشی حالات کی وجہ سے کابینہ نے تنخواہیں،مہنگی گاڑیاں اور دیگر مراعات تک واپس کرنے کی پیش کش کی،میں سمجھتا ہوں کہ اگر ہم پاکستان کے وسائل کو بچا کر غربت، ناخواندگی اور بیروزگاری کے لیے استعمال کریں تو ہمیں قرضے لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کو مشکلات سے نکال کر خوشحالی کی جانب گامزن کرنے کے لیے جتنے اتحاد، محنت اور یکجہتی کی ضرورت ہمیں آج ہے وہ 75سالوں میں پہلے کبھی نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جس مقصد کے لیے وجود میں آیا اور جس مقصد کے لیے ہمارے آبااجداد نے قربانیاں دیں،وہ تمام کوششیں ایک ایسے پاکستان کے لیے کی گئی تھیں جہاں سب کو ترقی کرنے کے مواقع میسر ہوں لیکن بدقسمتی سے ہم اس راستے سے بھٹک گئے، لیکن وقت آگیا ہے کہ ہم دوبارہ اس عہد کی تجدید کریں اور قرآن پاک،رسولۖ کی سنت اور قائداعظم کے خیالات کے مطابق پاکستان کی خدمت کریں تاکہ اللہ تعالی ہمیں اپنے پائوں پر کھڑے ہونے کی صلاحیت دیں اور ہمیں کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالی نے بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے،کمی صرف کرگزرنے کی ہے،اگر اس پر ہم کام کریں تو ہم ماضی میں کھوئے ہوئے اپنے وقت اور نقصانات کو پورا کرسکتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ اگر ہم بحیثیت قوم فیصلہ کرلیں کہ ہم نے اپنی تقدیر بدلنی ہے تو اس سب کے لیے ہمیں شب و روز کی محنت درکار ہے۔شہباز شریف نے عملے سے مخاطب ہوکر کہاکہ اب نگران حکومت آئے گی اور اس کے ساتھ بھی آپ کو اسی محنت سے ذمہ داری ادا کرنی ہے اور یہ ذمہ داری تقاضہ کرتی ہے کہ آپ پاکستان کی بھرپور خدمت کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں