بیجنگ (گلف آن لائن)
اس سال کے آغاز سے، چین کی ریلوے فکسڈ اثاثوں کی سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ تعمیراتی منصوبوں کی ایک بڑی تعداد کو مضبوطی سے آگے بڑھایا گیا ہے اور ایک تیز رفتار ریل نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے جو علاقائی ترقی کو آگے بڑھائے گا۔
جمعرات کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق اس سال جنوری سے جولائی تک چینی ریلوے نے فکسڈ اثاثوں کی سرمایہ کاری میں 371.3 بلین یوآن مکمل کیے جو کہ سال بہ سال 7 فیصد اضافہ ہے۔ اب تک چین کے ہائی سپیڈ ریل نیٹ ورک کا مین چینل 35,300 کلو میٹر مکمل کر کے اپنے77.83فیصد حصے پر آپریشن شروع کر چکا ہے، تقریباً 7,025 کلومیٹر کا حصہ زیر تعمیر ہے، جو 15.49فیصد بنتا ہے۔
چین کےنیشنل ریلوے گروپ ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم ڈیپارٹمنٹ کی ترقیاتی حکمت عملی اور منصوبہ بندی کے شعبے کے سینئر انجینئر گوو چھون جیانگ نے بتایا کہ تیز رفتار ریل نیٹ ورک نے چین کے ایسے 95 فیصد شہروں کا احاطہ کیا ہے، جن کی آبادی پانچ لاکھ یا اس کے زائد ہے ، اور اس کی وجہ سے باہمی روابط کو مؤثر طریقے سے فروغ ملا ہے۔
اس سال تین ہزار کلومیٹر سے زائد نئی ریلوے لائنوں کا کام شروع کیے جانے کی توقع ہے۔بہت سی نئی لائنیں جلد شروع کی جائیں گی، جس سے علاقائی معیشت اور معاشرے کی مربوط ترقی میں نئی تحریک پیدا ہو گی۔