سپیکرقومی اسمبلی

تمام اقلیتوں کو ان کے آئینی حقوق دینے کے لئے پر عزم ہیں ،سپیکرقومی اسمبلی

اسلام آباد (گلف آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ملک میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے قومی تعمیرو ترقی میں نمایاں کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اقلیتوں کو ان کے آئینی حقوق دینے کے لئے پر عزم ہیں۔یہ بات انہوں نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر کہی جو ہر سال 11 اگست کو منایا جاتا ہے۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے مادر وطن کے لیے قابل تحسین قربانیوں اور خدمات پر تمام پاکستانی اقلیتوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے بھائیوں اور بہنوں کو تمام حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، ائین کے آرٹیکل 36، 37 اور 38 کے تحت تمام اقلیتوں کو بلا تفریق رنگ ، نسل اور مذہب یکساں حقوق حاصل ہیں۔ قائداعظم نے 11 اگست 1947 کو اپنی تقریر میں زور دیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ”ہم ان دنوں سے آغاز کر رہے ہیں جب کسی ایک برادری کے درمیان کوئی تفریق نہیں، ایک ذات یا مسلک کے درمیان کوئی اور امتیاز نہیں ہے۔

ہم اس بنیادی اصول کے ساتھ شروعات کر رہے ہیں کہ ہم سب ایک ریاست کے شہری اور مساوی شہری ہیں”۔سپیکر نے کہا کہ اقلیتوں کے اس قومی دن پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے بنیادی اصولوں پر مبنی پرامن، ترقی پسند اور ہمہ گیر پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔

انہوں نے کہاکہ پڑوسی ملک بھارت نے وہاں بسنے والی اقلیتوں کی زندگی اجیرن کررکھی ہے اور وہاں ان کے ساتھ نارواسلوک برتا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی حکومت نے مسلمانوں کوگزشتہ کئی سالوں سے پابند سلاسل رکھا ہوا ہے اور مقبوضہ کشمیر5 اگست 2019کے بعد دنیا کی سب سے بڑی اوپن جیل بنا ہوا ہے، عالمی برادری کو بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ رو ا رکھنے جانے سلوک کے خلاف ا?واز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ سپیکرنے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کی پامالی دنیا کے جدید اصولوں کے منافی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں