اسلام آباد(گلف آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ نوجوان ہیں، ہمارے نوجوان ملک کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں، نوجوان ہر چیلنج کا مقابلہ اور ہر شعبے میں قیادت کے لیے پرعزم ہیں،اب پاکستان کی ترقی کو کوئی روک نہیں سکے گا۔
نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پورا یقین ہے، نوجوان نسل خوشحال، مضبوط اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کے لیے ہر شعبے اور محاذ پر قیادت کی صلاحیت رکھتی ہے،پاکستان ایک خوش نصیب ملک ہے کہ اس کی 63 فیصد سے زائد آبادی 15 سے 33 سال کی عمر پر مشتمل ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائدِ عوام شہید بھٹو نے اپنے دورِ وزارتِ اعظمیٰ میں نوجوانوں کو جتنی نوکریاں دیں، اس سے قبل کبھی ایسا نہیں ہوا تھا،قائدِ عوام نے پاکستانی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو دوست ممالک میں بھی روزگار دلوایا تھا۔چیئرمین پیپلزپارٹی شہید بینظیر بھٹو کے متعلق تو زبان زد عام تھا کہ ”بینظیر آئے گی، روزگار لائے گی”،
نوجوانوں کو گزشتہ تین دہائیوں میں آخری بار سب سے زیادہ نوکریاں اور روزگار کے مواقع سابق صدر آصف علی زرداری کی زیرِ قیادت عوامی حکومت میں ملے،پیپلز پارٹی آج کے نوجوانوں کو درپیش مسائل اور مشکلات سے مکمل طور آگاہ ہے،نوجوانوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع کی بلاامتیاز فراہمی پاکستان پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان مایوس نہ ہوں، ہم سب مل جل کر محنت کریں گے اور نوجونوں کے لیے معیاری تعلیم و روزگار کو یقینی بنائیں گے،ہم جھوٹے وعدے نہیں کرتے، جو وعدہ کرتے ہیں وہ پورا بھی کرکے دکھاتے ہیں۔
پی پی پی چیئرمین نے نوجوانوں کے عالمی دن کے حوالے سے اقوام متحدہ کی رواں سال کی تھیم کی حمایت کی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ پاکستان کلائمیٹ چینج سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔