لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے نگران وزیراعظم کیلئے انوار الحق کاکڑ کے انتخاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ انوار الحق کاکڑ نہ ن لیگ کی چوائس ہیں نہ ہی پیپلز پارٹی کی چوائس ہیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ انوارالحق کاکڑ کی تقرری سے ثابت ہوتا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی خواہش پوری نہیں ہوئی، اگر یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جاتا تب بھی یہی ہوتا۔سابق اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ ملک کے اہم فیصلے راجا ریاض کریں گے ؟
انھوں نے کہا کہ توقع ہے انوارالحق کاکڑ پی ڈی ایم جیسا رویہ نہیں اپنائیں گے، ملک میں آزادانہ اور منصفانہ الیکشن کرائیں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارا کسی ادارے سے کوئی جھگڑا نہیں، ہمیں دیکھنا ہے کہ ملکی مفاد کو کس طرح آگے بڑھانا ہے۔