لاہور(گلف آن لائن)نامور گلوکارہ سائرہ نسیم نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کو عروج اور بلندیوں کی جانب گامزن کرنا ہے تو سب کو اپنی ذات سے بالا تر ہو کر صرف ملک کے لئے سوچنا ہوگا ،پرائمری تک نصاب میں فوری تبدیلی کرنے کی ضرورت ہے اور اس عمر کے بچوں کو امتحانات سے استثنیٰ دے کر حب الوطنی ، ثقافت اور مہذب معاشروں میں نافذ ضروری قوانین سے آگاہی دینے کی ضرورت ہے ۔
ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ ہم اپنی غفلت اور کوتاہیوںکی وجہ سے دنیا سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں لیکن اب بھی وقت ہے کہ ہم بیدار ہو کر اپنی درست سمت کا تعین کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آج کی نوجوان نسل کو مثبت رجحانات کی جانب گامزن کرنے کی ضرورت ہے ۔حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسا میکنزم بنائے کہ میٹرک اور ایف اے کے بعد طلبہ کو اپنی آنے والی زندگی کے سفر کی جانب گامزن ہونے میں مدد میسر آئے ۔
جو طلبہ پڑھنا چاہتے ہیں انہیں تعلیم کے بہترین مواقع میسر ہونے چاہئیں اور جو دوسرا راستہ لینا چاہتے ہیں انہیں ہنر مند بنانے کی جانب توجہ ہونی چاہیے تاکہ وہ اپنے خاندان اور معاشرے پر بوجھ نہ بنیں۔