انقرہ (گلف آن لائن)مشور ترک ڈرامہ سیریز ‘ارطغرل غازی ‘میں عبدالرحمان کا کردار نبھانے والے ترکیہ کے اداکار جلال آل نے پاکستانیوں کو 77 ویں یوم آزادی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ملک میں جشن آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، ملک کی گلی گلی، کونے کونے میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے۔اس موقع پر ترکیہ کے اداکار جلال آل نے اردو زبان میں ویڈیو پیغام جاری کیا اور پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے یوم آزادی پر پاکستانی بہن بھائیوں جنہوں نے ہمارے برے وقت میں ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ترک اداکار نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی مغفرت کی دعا بھی کی۔ان کا کہنا تھاکہ ترکیہ اور پاکستان کی دوستی ابد تک قائم رہے اور اللہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دے۔
جلال آل نے آخر میں ‘دل دل پاکستان، جان جان ترکیہ، پاکستان زندہ باد’ کا نعرہ بھی لگایا۔خیال رہے کہ گزشتہ سال سیلاب کے بعد ترکیہ کے اداکار جلال آل پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے کراچی پہنچے تھے اور امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔