لاہور(گلف آن لائن)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ الیکشن کا معاملہ آئینی سے زیادہ اقتصادی اور سیاسی بن گیا ہے،اقتصادی اور معاشی حالات سنگین اور گھمبیر ہوتے جا رہے ہیں، مسئلہ عوام کو تکلیف دینا نہیں ریلیف دینا ہے، غریب کا چولہا نہیں چل رہا اور عوام کی مشکلات کم ہوتی نظر نہیں آ رہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس)پر اپنے پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ اگر ایک مہینے میں ہی 37 روپے پٹرول کی قیمت بڑھ جائے، چینی اور آٹے کی فی کلو قیمت ایک ہو جائے اور بجلی کا بنیادی یونٹ 55 روپے فی یونٹ پر چلا جائے تو کوئی حکومت گردشی قرضہ کنٹرول نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کہ 16 مہینے میں شہباز شریف بطور وزیراعظم نواز شریف کو نہیں لاسکے اب خود بھی ان کے پاس لندن چلے گئے ہیں، دبئی اور لندن میں ہونے والی ساری سیاسی بیٹھکیں بے نتیجہ ثابت ہوئی ہیں اور سارے ٹھنڈے ٹھار ہو گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ نے ساری دنیا کے میڈیا میں پاکستان کو رسوا کر دیا ہے۔