saud-shakeel

سعود شکیل ٹیسٹ کی بیٹنگ فارم ون ڈے میں بھی برقرار رکھنے کے لیے پرعزم

لاہور(گلف آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر سعود شکیل نے کہا ہے کہ میرے لیے یہ بہترین موقع ہے کہ میں اپنی موجودہ بیٹنگ فارم کو کام میں لاؤں،مجھ میں خود اعتمادی بڑھی ہے جو ون ڈے میں میرے کام آئے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ سے ہفتہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ جب میں سری لنکا آرہا تھا تو میرے ذہن میں یہ پلان خاص طور پر موجود تھا کہ مجھے کس طرح بیٹنگ کرنی ہے اور اس میں یہ بات خاص کر شامل تھی کہ میری اپروچ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے مختلف ہونی چاہیے،

گیم پلان سپورٹ اسٹاف نے مہیا کردیا تھا جو مثبت اور جارحانہ برانڈ سے متعلق تھا اور یہ میری تیاریوں سے بھی مطابقت رکھتا تھا لہذا ہر چیز میرے لیے اچھی رہی ہے۔سعود شکیل کہتے ہیں کہ میں نے ذہنی طور پر اپنی اپروچ تبدیل نہیں کی ہے۔ اگر ہم سوئپ کی بات کریں تو میں آف اسپنرز کے خلاف اسے کھیلنے کی تیاری کرچکا ہوں اوراب میچوں میں بھی اس کے لیے تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ مختلف تقاضہ کرتی ہے جس طرح یہ فارمیٹ آگے بڑھا ہے میں بھی ان تقاضوں کے مطابق اپنی منصوبہ بندی کروں گا اور جو کچھ بھی میں نے سیکھا ہے اسی کے مطابق اپنی مہارت کو بروئے کار لاؤں گا۔یاد رہے کہ سعود شکیل نے آف سیزن میں ٹیسٹ سیریز سے قبل اپنے اسٹروکس پر کام کیا تھا۔

کراچی میں انہوں نے اپنے سوئپ شاٹس کو مزید پختہ کرنے پر کام کیا۔اس کے علاوہ اسپن بولنگ پر مختلف شاٹس کو اس خیال سے بہتر کیا کہ اسکورنگ کی رفتار تیز رکھنا ہے۔سعود شکیل اپنے ٹیسٹ کریئر میں اب تک کئی اہم سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلے بیٹر ہیں جنہوں نے اپنے پہلے سات ٹیسٹ میچوں میں ہر ایک میچ میں نصف سنچری ضرور بنائی ہے۔

کوئی بھی پاکستانی بیٹر پہلے سات ٹیسٹ میچوں کے اختتام ان سے بہتر بیٹنگ اوسط نہیں حاصل کرسکا ہے جو87.50 ہے۔ یہی نہیں سعود شکیل کے208 رنز ناٹ آؤٹ نے اس سال جولائی میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا جو سری لنکا میں کسی بھی پاکستانی کا سب سےبڑا انفرادی اسکور بھی ہے۔

سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں سعود شکیل نے اپنی بیٹنگ کی خوب جھلک دکھائی اور ان کی ڈبل سنچری نے یہ ثابت کردیا کہ وہ حالات کے مطابق خود کو ڈھال لیتے ہیں۔اس اننگز میں ایک موقع پر ان کا اسکورنگ ریٹ 100 گیندوں پر 80 رنز کے لحاظ سے تھا۔اس سیریز میں انہوں نے تین اننگز میں 58کے اسٹرائیک ریٹ سے295 رنز اسکور کیے۔ اس شاندار کارکردگی کی وجہ سے سعود شکیل سولہ ماہ بعد دوبارہ ون ڈے انٹرنیشنل میں واپس آگئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں