40thusand-bond

رواں مالی سال 15 اگست تک نئے بانڈز کی مد میں 200 ارب روپے کا سرمایہ کاری ہدف حاصل کر لیا،نیشنل سیونگز

اسلام آباد (گلف آن لائن) سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) نے رواں مالی سال(2023-24) یکم جولائی سے 15 اگست کے عرصے میں نئے بانڈز کی مد میں 200 ارب روپے کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔

سی ڈی این ایس کے سینئر عہدیدار نے پیر کو یہاں اے پی پی کو بتایا کہ نیشنل سیونگز نے مالی سال 2022-23 میں 1.6 ٹریلین روپے کے نئے بانڈز کا ہدف حاصل کیا، یہ گزشتہ مالی سال کے 1300 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 200 ارب روپے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی این ایس نےسال (2021-22) کے لیے 1.4 ٹریلین روپے کا نظرثانی شدہ بچت کا ہدف مقرر کیا تھا، ملکی مارکیٹ کے موجودہ رجحان کے پیش نظر بچت کے کلچر کو مزید بہتر بنانے کے لیے یہ ہدف مقرر کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سی ڈی این ایس میں ادارہ جاتی اصلاحات پر کام ہو رہا ہے اور نئی اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت سی ڈی این ایس میں آٹومیٹڈ ٹیلر مشین (اے ٹی ایم) بھی متعارف کرائی گئی ہے جو صارفین کوسہولیات فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی این ایس نے رواں مالی سال کے پہلے ماہ (جولائی 2023) اسلامی سرمایہ کاری بانڈز کے ذریعے 16 ارب روپے کی سرمایہ کاری اکٹھی کی ہے، 2023-24 کے لیے اسلامک فنانس بانڈز کے لیے 75 ارب روپے کا سرمایہ کاری ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت عالمی مالیاتی شعبے میں اسلامی فنانس کا بہت اہم کردار ہے اور متعدد بڑے ممالک کی معیشت کا بڑا حصہ اسلامی مالیات پر مشتمل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں