baleeg-ur-rehman5

سانحہ جڑانوالہ انتہائی افسوسناک ہے جس پر ان کا دل بہت بوجھل ہے،گورنر پنجاب

مکوآنہ (گلف آن لائن) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہاہے کہ سانحہ جڑانوالہ انتہائی افسوسناک ہے جس پر ان کا دل بہت بوجھل ہے اور جس طرح جڑانوالہ کی مسیحی برادری نے 16اگست کے واقعات کے بعد دکھ اور پریشانی کے لمحات جھیلے اسی طرح وہ بھی بہت افسردہ و آزردہ ہیں اور ان کا یقین ہے کہ جہاں پیار، محبت اور اخلاقی قدریں مضبوط ہوں وہاں اس قسم کے واقعات رونما نہیں ہونے چاہئیں۔

لیکن اب جبکہ بد قسمتی سے یہ ناخوشگوار واقعہ رونما ہو چکا ہے تو انہیں اس بات پر اطمینان ہے کہ حکومت پنجاب نے بر وقت ریلیف مہیا کر کے اگرچہ مسیحی برادری کے دکھ کو کچھ کم کرنے کی کوشش کی ہے لیکن یہ واقعہ ایک بد نما داغ کی طرح موجود رہے گا حالانکہ ایسا واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہاکہ انسانیت اور پاکستانیت کے ناطے قدر و احترام جاری رکھنا ضروری ہوتا ہے تاہم مشکلات اونچا اڑانے کیلئے جواز فراہم کرتی ہیں اور ہم بھی آئندہ بہتر انداز میں اس کے مداوے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہاکہ تکلیف دہ مناظر دیکھ کر انہیں بہت صدمہ ہوا کہ راتوں کو بچوں اور خواتین کو باہر پناہ حاصل کرنا پڑی تاہم پاکستان میں ایسا ایک بھی واقعہ قابل قبول نہیں۔

وہ جڑانوالہ میں این این آئی سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہاکہ ہمیں برداشت کے رویے کو پروان چڑھاتے ہوئے دوسروں کے جذبات و احساسات کا خیال رکھنا ہو گا جبکہ حکومت بھی اس سلسلہ میں پیش پیش رہے گی۔انہوں نے مسیحی برادری سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہاکہ ہم نے اس ملک میں پیار محبت سے رہنااور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کرناہے۔

گورنر نے کہا کہ جس طرح عبادت گاہیں قابل احترام ہیں اسی طرح گھربھی قابل احترام ہیں جن پر حملے قابل مذمت ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں تعلیمی اداروں میں برداشت کے رویوں کو پروان چڑھانا ہوگا تاکہ ایسے واقعات دوبارہ رونمانہ ہوں۔اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ واقعہ بہت بڑا سانحہ ہے تاہم مسیحی برادری کیلئے یہ بات باعث اطمینان ہونی چاہیے کہ وزیراعظم نے اپنا پہلا سرکاری دورہ جڑانوالہ کا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ واقعہ میں ملوث کسی کو نہ چھوڑا جائے۔انہوں نے کہا کہ جو جو چرچ جلے ان کی تعمیر و مرمت کا کام جاری ہے اورجن لوگوں کا نقصان ہوا ہے ان کو چیک ہر صورت ملے گا خواہ اس کیلئے انہیں بار بار بھی جڑانوالہ کیوں نہ آنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ متاثرین کو انصاف ملے اور ہم پوری کوشش کررہے ہیں کہ متاثرین کے ساتھ انصاف ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں