bise-faisalabad

فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے تمام اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈز کا انٹر میڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانی نتائج 12ستمبر کو جاری کرنے کا فیصلہ

فیصل آباد (گلف آن لائن)فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے تمام اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈز نے ا نٹر میڈیٹ پارٹ ٹو سال 2023 کے امتحانی نتائج 12ستمبر کو جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں پنجاب بورڈ ز کمیٹی آف چیئر مینز کے ذرائع نے بتایاکہ انٹر میڈیٹ پارٹ ٹو سیشن 2021-23کے سالانہ امتحانات 20مئی سے شروع ہو کر 3جون تک جاری رہے تھے جن کے نتائج کا اعلان 12ستمبر کو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،تاہم اس کا باضابطہ اعلان ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی منظوری سے کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایاکہ انٹر میڈیٹ پارٹ ون / سال اول (فرسٹ ایئر) سیشن 2022-24کے سالانہ امتحانات جو 5جون سے شروع ہو کر 20جون کو اختتام پذیر ہوئے ان کے نتائج کا اعلان بھی 10اکتوبر 2023کو کیا جائے گا۔انہوں نے بتایاکہ بور ڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد، سر گودھا، گوجرانوالہ،ساہیوال، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، راولپنڈی اور لاہور کی جانب سے انٹر میڈیٹ پارٹ ٹو کے نتائج کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور نتائج انتہائی شفاف طریقے سے تیار کئے جا رہے ہیں لہٰذا جونہی ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے انہیں گرین سگنل موصول ہوا تو وہ نتائج کا اعلان 12ستمبر کو کر دیں گے۔

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ قبل ازیں انٹر میڈیٹ پارٹ ٹو کےنتا ئج کا اعلان 22ستمبر کو کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی تاہم اب اس میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں