ریاض (گلف آن لائن)سعودی عرب کے ایک سرکاری ذریعے نے اس رپورٹ کی تردید کی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے سرحدی محافظوں نے یمن کی سرحد کے قریب ایتھوپیا کے تارکینِ وطن کو ہلاک کیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق گذشتہ پیر کے روز امریکا میں قائم ہیومن رائٹس واچ گروپ نے ایک رپورٹ میں الزام عاید کیا تھا کہ سعودی عرب کے سرحدی محافظوں نے یمن سے مملکت کی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے سیکڑوں ایتھوپیائی تارکین وطن کو ہلاک کردیا ہے۔اس سرکاری ذریعے کا کہنا تھا کہ یہ الزامات بالکل بے بنیاد، من گھڑت اور ناقابل اعتماد ذرائع پر مبنی ہیں۔
سرکاری ذریعے نے کچھ تنظیموں کی جانب سے مملکت کے بارے میں جھوٹے الزامات لگانے اور مشکوک ومذموم مقاصد واہداف کے لیے بار باربرپا کی جانے والی بدنیتی پر مبنی میڈیا مہموں کے تناظر میں سیاسی اور گمراہ کن رپورٹس کی اشاعت اور تشہیر کی مذمت کی ہے۔
سرکاری ذریعے نے بتایا کہ سعودی عرب نے اس سے قبل ان افراد کے گروپوں کو طبی نگہداشت کی تھی اوران کی ہر طرح کی دیکھ بھال کی تھی جنھیں مسلح گروہوں نے یمن سے طاقت کے ذریعے مملکت میں داخل ہونے پرمجبور کیا تھا اور ان پر گولی چلا دی تھی۔
سرکاری ذریعے نے سعودی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اپنے قواعد و ضوابط، بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون اور بین الاقوامی انسانی قوانین میں بیان کردہ انسانی حقوق کے اصولوں اور سرحدی سلامتی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو انسانی خدمات مہیا کرنے اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی معیارات کے تحت مملکت کے قوانین اور ذمے داریوں کے مطابق ان کے ساتھ سلوک روا رکھنے کے عزم پر زور دیا ہے۔