anwar-education

جامعات میں اعلیٰ تعلیم کو جدید تحقیق کی مستحکم بنیاد بنانے کے لیے منصوبہ بندی کی جائے، نگران وزیراعظم

کوئٹہ (گلف آن لائن)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ جامعات میں اعلیٰ تعلیم کو جدید تحقیق کی مستحکم بنیاد بنانے کے لیے منصوبہ بندی کی جائےملک میں معیاری اعلیٰ تعلیم کی مستقل فراہمی سے زندگی کے تمام شعبوں میں بہتری آئے گی۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت بلوچستان کی سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کا اجلاس ہوا جس میں شرکاءنے وزیراعظم کو بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے حوالے پیش رفت اور درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے اعلیٰ تعلیم کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر کے اسے بین الاقوامی معیار پر لانے کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم نے کہاکہ ہمارے نوجوان اور ہماری افرادی قوت پاکستان کے بہتر مستقبل کے حصول کے لیے انتہائی اہم اثاثہ ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان میں نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے متعدد مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ ہمارے باصلاحیت نوجوان ملک کی ترقی میں اپنا کردار مؤثر طریقے سے ادا کر سکیں۔

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ پاکستان میں جدّت کا فقدان، تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے فقدان سے منسلک ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ یونیورسٹیوں میں تحقیق اور نئی ایجادات کے فروغ کو یقینی بنائیں۔وزیراعظم نے اجلاس کے شرکاءکو ہدایات کی کہ جامعات میں اعلیٰ تعلیم کو جدید تحقیق کی مستحکم بنیاد بنانے کے لیے منصوبہ بندی کی جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ یقینی بنایا جائے کہ یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباءو طالبات صنعتوں کو درکار پیشہ ورانہ مہارتیں و ہنر رکھتے ہوں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ملک میں موجود صنعتیں یونیورسٹیوں میں انکیوبیشن سینٹر بنائیں تاکہ طلباءو طالبات کو ہم عصر تحقیق کے مواقع میسر ہوں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ایسے اقدامات سے ملک میں صنعتوں کیلئے تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم ہوگی اور صنعتی انقلاب کی راہ ہموار ہوگی۔ وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں معیاری اعلیٰ تعلیم کی مستقل فراہمی سے زندگی کے تمام شعبوں میں بہتری آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں