عمران خان

اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی،عمران خان کیخلاف کوئٹہ میں درج مقدمہ خارج کر دیا گیا

کوئٹہ (گلف آن لائن) اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی،عمران خان کیخلاف کوئٹہ میں درج مقدمہ خارج کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف درج مقدمے سے متعلق فیصلہ سنا دیا،چیف جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس گل حسن ترین نے درخواست پر فیصلہ سنایا،عدالت نے عمران خان کیخلاف بجلی روڈ تھانے میں درج ایف آئی آر خارج کر دی،جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے جاری سابق وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری بھی معطل کر دئیے۔

اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کیخلاف عمران خان پر بجلی روڈ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا،چیئرمین پی ٹی آئی کے نا قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے گئے تھے۔ دوسری جانب 9 مئی سے متعلق دہشت گردی کے 6 مقدمات کی تفتیش کے لیے جے آئی ٹی نے اٹک جیل میں عمران خان سے سوالات کئے۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور سمیت جے آئی ٹی ٹیم نے عمران خان سے تفتیش کی۔

جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے 30 منٹ اٹک جیل میں ملاقات کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ایک بار پھر 9 مئی کے واقعات میں تحریک انصاف کے بطور پارٹی ملوث ہونے سے متعلق انکار کیا۔ تفتیش کے دوران جے آئی ٹی نے پوچھا کہ 9 مئی کے بارے میں آپ کی جانب سے اشتعال دلانے کے شواہد موجود ہیں،

جس کے جواب میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں تو گرفتار ہو گیا تھا، کسی کو فون کرکے اشتعال نہیں دلایا۔ جب جے آئی ٹی ارکان نے عمران خان سے پوچھا کہ ایسی ویڈیوز اور کلپس موجود ہیں جن میں مظاہرین آپ کا نام لیتے نظر آتے ہیں۔ عمران خان نے جواب دیا کہ میں نے کسی کو نہیں اکسایا،سب اپنے طور پر کنٹومنٹ کے علاقے میں گئے،جلاؤگھیراؤ میں میری پارٹی کے کارکن نہیں بلکہ کوئی اور ملوث ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں