لاہور(گلف آن لائن) پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے بجلی کے بلوں میں بے تحاشہ اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدارا سیاستدان اپنی اناءکو پس پشت ڈال کر مل کر بیٹھیں اور ملک کو درپیش گھمبیر چیلنجز کا حل تلاش کریں،ہمارے ہمسایہ ممالک ترقی کی منازل جبکہ ہم تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں کی جانب گامزن ہیں،اب وقت آ گیا ہے کہ غریب کی بجائے اشرافیہ سے قربانی کا تقاضہ کیا جائے۔
پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا منیر حسین اور جنرل سیکرٹری قمرالزمان چودھری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ سیاستدانوں کو اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کو کھلے دل سے تسلیم کرنا ہوگا بصورت دیگر ہم آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔ ہمیں بطور قوم یہ سوچنا ہوگا کہ ہم دن بدن کیوں پستی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو چاہیے ملک اور عوام کو مشکلات کی بھنور سے نکالنے کیلئے کچھ وقت کیلئے اپنی اناءاور ذاتی سیاست کو ایک طرف رکھیں اورمتفقہ لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے سب جماعتیں اتفاق رائے قائم کریں تاکہ آئندہ جو بھی حکومت آئے اسے بغیر کسی رکاوٹ کے پانچ سال کیلئے عوام کی خدمت کرنے کا موقع مل سکے۔