imran-khan-1

سائفرکیس،عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 ستمبر تک توسیع

اٹک (گلف آن لائن) سائفرکیس،عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف اٹک جیل میں سائفر کیس کی سماعت ہوئی،آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔

ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ عمران خان کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا اور حاضری لگائی گئی،چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم بھی اٹک جیل میں موجود تھی۔عدالت نے حاضری لگانے کے بعد عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔ سماعت کے بعد جج ابو الحسنات ذوالقرنین اٹک جیل سے اسلام آباد روانہ ہو گئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کر دی تھی، تاہم عمران خان کی سائفر کیس میں گرفتاری ڈال دی گئی تھی۔عمران خان 30 اگست تک سائفر کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر تھے،عدالت نے عمران خان کو 30 اگست کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

جبکہ سائفر گمشدگی پر ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ میں عمران خان کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جس میں انہیں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے شامل تفتیش کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ ایف ائی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے سائفر کنٹینٹ آڈیو لیک و گمشدگی معاملے پر سابق سیکرٹری داخلہ کی جانب سے بھجوائے جانے والے ریفرنس پر تفصیلی انکوائری کے بعد آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کر a ہے،مقدمے میں عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو نامزد کیا گیا۔ اس کے علاوہ سابق سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر اور سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے کردار کا تعین کرنے کا تحریر کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں