dollar

ڈالر کی پرواز بلند تر، اوپن مارکیٹ 322، انٹربینک میں 305 روپے سے تجاوز کرگیا

کراچی(گلف آن لائن) ڈالر کی روپے کے مقابلے میں قدر بڑھنے کا رجحان تیز رفتاری اور تسلسل کے ساتھ جاری ہے، جس کے نتیجے میں آج بھی ڈالر کرنسی ایکسچینج کی دونوں مارکیٹوں میں بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

کاروباری ہفتے کے مسلسل چوتھے روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر 65 پیسے اضافے سے 305.09 روپے کی نئی بلند ترین سطح سے شروع ہوئی اور دوپہر تک ایک روپے 36پیسے کے اضافے سے 305 روپے 80پیسے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔دریں اثنا اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی اُڑان کا سلسلہ جاری ہے۔

جمعرات کے روز روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں یکدم ڈھائی روپے کا اضافہ ہوگیا، جس سے ڈالر اوپن مارکیٹ میں 322 روپے کی بلند ترین سطح پر آگیا۔دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی کاروبار کے آغاز ہی سے مندی کا رجحان ہے۔

جمعرات کے روز پی ایس ایس میں 233 پوائنٹس کی مندی سے کاروبار شروع ہوا تو کے ایس ای 100 انڈیکس گھٹ کر 46011 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

بعد ازاں بازار حصص میں گراوٹ کا رجحان جاری رہا اور 525 پوائنٹس کی مندی سے کے ایس ای 100 انڈیکس گھٹ کر 45719 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں