ڈاکٹر اقبال چوہدری

ڈاکٹر اقبال چوہدری سمیت 17 فریقین کو 20 ستمبر کے لیے نوٹس جاری کیے گئے ہیں

کراچی(گلف آن لائن) اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تقرری کے تنازعات بھی عدالتوں میں آگئے، ڈائریکٹر آئی سی سی بی ایس ڈاکٹر اقبال چوہدری کو توسیع ملنے کے خلاف نوٹس جاری کردیا گیا۔

سندھ ہائی کورٹ نے انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز (آئی سی سی بی ایس) کے ڈائریکٹر کی مدت ملازمت میں توسیع کے خلاف درخواست پر ڈاکٹر اقبال چوہدری سمیت 17 فریقین کو 20 ستمبر کیلیے نوٹس جاری کردیئے۔ہائی کورٹ میں جامعہ کراچی کے انٹرنیشنل سینٹر آف کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل کے ڈائریکٹر کی ملازمت میں توسیع کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ محمد اقبال چوہدری مسلسل 17 سال سے اس عہدے پر فائز ہیں، اقبال چوہدری 2019ءکو ریٹائرڈ ہوچکے لیکن ان کی ملازمت میں توسیع کردی گئی، 26 جولائی 2023ءکو اس اسامی کے لیے اخبارات میں پھر اشتہار شائع کرایا گیا، اشتہار میں عمر کا ذکر نہیں کیا گیا، یہ عہدے پر موجود اقبال چوہدری نے خود اپنے لیے تیار کرایا۔

درخواست گزار نے مزید کہا کہ اعلی عدالتوں کے فیصلے اور قانون کے مطابق ریٹائرڈ کو دوبارہ ملازمت نہیں دی جاسکتی، اشتہار پر عمل درآمد روکا جائے اور اسے غیر قانونی قرار دیا جائے۔عدالت نے ڈاکٹر اقبال چوہدری سمیت 17 فریقین کو 20 ستمبر کے لیے نوٹس جاری کردیئے۔ ندیم احمد سمیت جامعہ کراچی کے 5 ملازمین نے ڈائریکٹر آئی سی سی بی ایس کی تقرری کے اشتہار کو چیلنج کیا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں