لاہور(گلف آن لائن) نامور اداکار عمران اشرف نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہونا چاہیے کہ آپ کا جو دل چاہے آپ دوسروں کے بارے میں کہہ دیں،
کچھ لوگ تو منفی تاثر دے کر خود تو سکون کی نیند سو جاتے ہیں لیکن جس کے بارے میں یہ تاثر قائم کیا جاتا ہے اس کی نیندیں برباد ہو جاتی ہے۔ایک انٹر ویو میں عمران اشرف نے کہا کہ اگر آپ کو کسی سے اختلاف ہے،
کسی کی کوئی عادت بری لگتی ہے تو اسے بیان کرنے کا ایک طریقہ اور سلیقہ ہوتا ہے، یہ نہیں ہونا چاہیے کہ آپ کے پاس سوشل میڈیا ہے تو آپ کو کسی کی بھی پگڑی اچھالنے اور دل آزاری کرنے کا لائسنس مل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں اظہار رائے کیلئے سوشل میڈیا کا پلیٹ فارم میسر آگیا ہے تو اس سے مثبت بات پھیلائی جانی چاہیے نہ کہ طوفان بد تمیزی برپا کیا جائے۔