iman-mazari

ایمان مزاری کو کسی بھی کیس میں گرفتاری سے قبل عدالت کو آگاہ کرنا لازم قرار دے دیا گیا

اسلام آباد (گلف آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایمان مزاری کو کسی بھی کیس میں گرفتاری سے قبل عدالت کو آگاہ کرنا لازم قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایمان مزاری کی مقدمات تفصیلات فراہمی اور حفاظتی ضمانت سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست پر سماعت کی۔

ایمان مزاری اور شیریں مزاری عدالت میں پیش نہ ہوئیں۔ ہائیکورٹ نے ایمان مزاری کو کسی بھی کیس میں گرفتاری سے قبل عدالت کو آگاہ کرنا لازمی قرار دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایمان مزاری کو گرفتار کرنے سے قبل کسی بھی خیفہ ایف آئی آر میں گرفتاری سے قبل آگاہ کیا جائے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ہم نے صوبوں کو گزشتہ سماعت کے بعد مراسلے لکھے تھے۔

مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے صوبوں کو پیغام بھی بھجوا دیا تھا،درخواست گزار کو ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں۔ ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ کیس نمٹا رہے ہیں،کوئی مقدمہ ہو تو آپ عدالت کو آگاہ کریں گے،عدالت نے ہدایات کے ساتھ درخواست نمٹا دی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل عدالت نے ایمان مزاری کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ایمان مزاری کی درخواست پر 2 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا۔عدالت نے تحریری حکم میں قرار دیا کہ سیکرٹری داخلہ،آئی جی اور ڈی جی ایف آئی اے ایمان مزاری کو گرفتار نہیں کریں گے۔

سیکرٹری داخلہ،ایف آئی اے اور پولیس کسی مقدمے میں معاونت بھی نہیں کریں گے۔ تحریری حکم میں کہا گیا کہ ایمان مزاری کو اسلام آباد کی حدود سے باہر نہ لے جایا جائے،سیکرٹری داخلہ ایمان مزاری کیخلاف پیر تک مقدمات کی تفصیلات فراہم کریں،ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق درخواست گزار کیخلاف اسلام آباد میں 3 مقدمات درج ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں