اسلام آباد (گلف آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ کوشش کی تھی نئے بال سے بریک تھرو لوں، الحمد اللہ اس میں کامیابی ہوئی۔بھارت کے خلاف میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ بارش کی وجہ سے میچ نہیں ہوا تاہم اگر ہوتا تو رزلٹ ہمارے ہاتھ میں تھا، موسم کا ہم کچھ نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ اننگ کے دوران ٹیم کی پرفارمنس بہت اچھی تھی، کوشش یہی ہوتی ہے کہ پہلے اوور میں ٹیم کے لیے بریک تھرو لوں، کوشش کررہا تھا کہ آگے سے سوئنگ کروں لیکن گیند رائٹ ایریاز میں سوئنگ نہیں ہو رہا تھا۔شاہین آفریدی نے کہاکہ ان سوئنگ اور آٹ سوئنگ کا کمبی نیشن رکھا اور وہ کافی مددگار ثابت ہوا، پہلی دو وکٹیں آٹ سوئنگ کے کمبینیشن کی مدد سے لیں۔
قومی ٹیم کے بالر نے کہا کہ میچ کے دوران کوشش کر رہا تھا کہ زیادہ ڈاٹ بالز کریں تاکہ ان کے اوپر پریشر ڈالیں۔انہوں نے بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ویرات ایک اچھے کھلاڑی ہیں، اس کے پاکستان کے خلاف رنز بھی زیادہ ہیں، ویرات کوہلی کی وکٹ ہمارے لیے سب سے اہم تھی کیونکہ وہ انڈین بیٹنگ لائن کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔
انہوںنے کہاکہ مکی آرتھر ہمیشہ کہتے ہیں کہ فاسٹ بالرز ٹورنامنٹ جتواتے ہیں اور ہماری کوشش تھی کہ پارٹنرشپ میں باولنگ کرائیں۔شاہین آفریدی نے کہا کہ حارث روف کا رول یہ ہے کہ وہ اپنے پیس اور بانسرز سے اگلی ٹیم کو ڈرائیں، نسیم شاہ اور میری کوشش ہوتی ہے کہ ہم سوئنگ کے اوپر زیادہ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے لوگوں کے سامنے کھیلنے کا الگ ہی مزہ ہوتا ہے، امید ہے کہ قذافی اسٹیڈیم میں ہاس فل ہوگا اور شائقین ہمیں سپورٹ کرنے آئیں گے۔