audio-leaks

آڈیو لیک کیس،عدالت نے فون ٹیپنگ کی قانونی حیثیت پر کرلی

اسلام آباد (گلف آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے فون ٹیپنگ کی قانونی حیثیت پر معاونت طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس بابر ستار نے بشری بی بی اور زلفی بخاری کی آڈیو لیک سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی۔

عدالت نے درخواستیں پہلے سے زیر سماعت نجم الثاقب کی درخواست کے ساتھ یکجا کردیں۔وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے فون مسلسل بگ کئے جا رہے ہیں،

جسٹس بابرستار نے کہا کہ وہ تو سب کے ہی ہو رہے ہیں اس میں کونسی بڑی بات ہے، آپ کی درخواست پر اعتراض ہے کہ آپ نے کوئی آرڈر چیلنج ہی نہیں کیا۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ پولیس اور ایف آئی اے بشری بی بی کو مسلسل ہراساں کر رہے ہیں۔جسٹس بابر ستار نے کہا کہ فون ٹیپنگ کی قانونی حیثیت و قانون شہادت پر آئندہ سماعت پر عدالت کی معاونت کی جائے، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے معلومات کا ذریعہ نہیں پوچھا جا سکتا۔

لطیف کھوسہ نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت تک ہراساں کرنے سے روکنے کی استدعا کی،جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے کہ ایسا آرڈر پاس کروں گا جس پر عملدرآمد کروا سکوں، ہراسگی وسیع ٹرم ہے کل آپ توہین عدالت کی درخواست لے کر آ جائیں گے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 18ستمبر تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں