taxi

سعودی عرب نے ٹیکسی ڈرائیورز کیلئے قوانین میں سختی کردی

ریاض (گلف آن لائن) سعودی عرب میں ٹیکسی ڈرائیورز کیلئے قوانین میں سختی کردی گئی، صارفین کی جانب سے رائیڈ کی درخواست کو قبول کرنے کے بعد ٹرپ کینسل ہونے کی صورت میں سمارٹ ٹیکسی ڈرائیوروں پر 4000 ریال کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

میڈیا کے مطابق یہ تعزیری اقدام وزارت داخلہ کے نیشنل انفارمیشن سینٹر کے تحت سمارٹ ٹیکسیوں، ٹیکسی بروکرز اور شوموس سکیورٹی سسٹم سے منسلک گائیڈڈ گاڑیوں کی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے والے ضوابط میں کی گئی ترامیم میں سے ایک ہے، سمارٹ ٹیکسی ڈرائیوروں کے لیے لازمی ہے کہ جب وہ شہروں کے درمیان یا مملکت سے باہر ٹرپس چلاتے ہوں تو نئی ترامیم کی دفعات کی تعمیل کریں۔

نئی ترامیم میں سمارٹ ٹیکسی ڈرائیوروں کے لیے اجازت ہے کہ وہ ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی (TGA) سے منظوری حاصل کرنے کے بعد اپنے لائسنس کو اس شہر سے منتقل کرسکیں جہاں سے انہوں نے اسے حاصل کیا ہو، لائسنس دہندگان کے ساتھ رجسٹرڈ کاروں کو ان تقاضوں سے بھی استثنیٰ حاصل ہے کہ وہ نئی ہوں اور اس سے پہلے مملکت کے اندر یا باہر رجسٹرڈ نہ ہوئی ہوں۔

باخبر ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نئی ترامیم میں ڈرائیوروں کو مطلوبہ ڈیٹا کی فراہمی میں ناکامی کی صورت میں منظور شدہ تکنیکی نظام کے فراہم کنندگان پر 5 ہزار ریال کے جرمانے عائد کیے جائیں گے، اگر وہ تکنیکی نظام سے منسلک ہونے میں ناکام رہتے ہیں تو بھی انہیں 5 ہزار سعودی ریال کا جرمانہ کیا جائے گا.

معلوم ہوا ہے کہ 4 ہزار ریال کا جرمانہ اس صورت میں ہوگا اگر ڈرائیور رائیڈ کی درخواست کو قبول یا مسترد کرنے سے پہلے سفر میں بتائی گئی روانگی اور آمد کے مقامات کو دیکھنے سے قاصر ہے، اس کا مقصد ڈرائیور کی جانب سے سفر کو قبول کرنے کے بعد اس کی آمد کے مقام تک پہنچنے میں ناکامی کی وجہ سے منسوخ کرنے کے رجحان کو کم کرنا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ ضوابط میں نئی ترامیم کا مقصد سمارٹ ٹیکسی، ٹیکسی بروکر اور گائیڈڈ گاڑیوں کی سرگرمیوں میں مصروف سرمایہ کاروں، فائدہ اٹھانے والوں اور کارکنوں کو درپیش چیلنجوں کی نشاندہی کرنا ہے اور ساتھ ہی ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مجوزہ حل تیار کرنا ہے،

یہ ترامیم سرگرمیوں میں فائدہ اٹھانے والوں اور کارکنوں کے تجربے کو بہتر بنانے، سرمایہ کاروں کے لیے لاگت کو کم کرنے اور ان سے متعلق کچھ طریقہ کار کو آسان بنانے کے علاوہ ان سرگرمیوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں