فیصل آباد (گلف آن لائن)پٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں سالانہ بنیاد پر14 فیصد کمی ریکارڈکی گئی۔
اوسی اے سی اورانڈسٹری کے اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں 3681000 ٹن پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات ریکارڈکی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 14 فیصدکم ہیں، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 4277000 ٹن پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔
اگست میں ملک میں 2010000 ٹن پٹرولیم مصنوعات کی درآمد ریکارڈکی گئی جوگزشتہ سال اگست کے مقابلے میں ایک فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال اگست میں 1986000 ٹن پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔
جولائی کے مقابلے میں اگست میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں ماہانہ بنیاد پر20 فیصد اضافہ ہوا، جولائی میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمد کاحجم 1671000 ٹن ریکارڈکیا گیا جواگست میں بڑھ کر2010000 ٹن ہوگیا۔
اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں ہائی سپیڈڈیزل کی درآمد میں سالانہ بنیاد پر71 فیصد اور خام تیل کی درآمد میں 14 فیصد کمی ہوئی اس کے برعکس ایل این جی کی درآمد میں سالانہ بنیاد پر24 فیصداضافہ ہوا۔